ہلیال:15؍ فروری (ایس اؤ نیوز ) سیاست میں سانپ اور نیولا کی طرح کٹر دشمن کہلانے والے ودھان پریشد کے سابق رکن ایس ایل گھوٹنیکر نے اپنے کٹر دشمن یعنی سابق رکن اسمبلی سنیل ہیگڈے سے از خود ملاقات کرتےہوئے مصافحہ کرنے اور بی جےپی میں شامل ہونےکی اطلاع دے کر انہیں خوش آمدید کہنے کی درخواست کرنے کا عجیب واقعہ ہلیال میں پیش آیا ہے۔
18برسوں بعد کانگریسی کہلانے والے ایس ایل گھوٹنیکر، بی جے پی کے سنیل ہیگڈے سے ملاقات کرنے کے بعد مصافحہ کرنےو الا وڈیو کلپ مندر کے صحن میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہونے کی اطلاعات ہیں ۔اسی ۔ سی سی ٹی وی کا وڈیوکلپ چند لوگوں کے موبائیل پر بھی وائرل ہوتا ہوا دیکھاگیا ہے۔ دونوں کی ملاقات سے سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور گھوٹنیکر کی سیاسی چال سب کو حیرت زدہ کرگئی ہے ، جس کے ساتھ ہی سیاسی گلیاروں میں بھی کئی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔
سابق رکن اسمبلی سنیل ہیگڈے اور ودھان پریشد کےسابق رکن ایس ایل گھوٹنیکر دونوں آر وی دیش پانڈے کے خیمہ سے ہی نکلے ہیں۔ چند برس پہلے ہی دیش پانڈے سے الگ ہونے والے سنیل ہیگڈے نے اپنی سیاسی قوت میں اضافہ کرتےہوئے اپنے استاد کو ہی شکست دے کر ایم ایل اے بنے تھے۔ سنیل ہیگڈے جب دیش پانڈے سے دور ہوئے تو ایس ایل گھوٹنیکر دیش پاندے کے قریب ہوگئے اور دومرتبہ ودھان پریشد کے رکن بھی بنے۔
گذشتہ سال گھوٹنیکر ،ودھان سبھا حلقہ سے ٹکٹ کا مطالبہ کرتےہوئے دیش پانڈے کے خلاف ہی بغاوت کے ذریعے باہر نکل گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ جب گھوٹنیکر کویقین ہوگیا کہ کانگریس کی جانب سےا نہیں ٹکٹ نہیں ملے گا تو پارٹی سےنکل کر بی جےپی کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ اس کےساتھ ساتھ ہی گھوٹنیکر نے مراٹھا ٹرمپ کارڈ دکھاتےہوئے بی جےپی سے ٹکٹ مانگا ہے۔ٹکٹ کے مطالبے کو لےکر دو تین مرتبہ وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی اور بی جےپی صدر نلین کمار کٹیل سے بھی ملاقات کی ہے۔بتایا جارہا ہے کہ ریاستی لیڈران نے انہیں مقامی لوگو ں کو اعتماد میں لے کر پارٹی میں شامل ہونے کے بعد ٹکٹ کا مطالبہ کرنےکے لئے کہا جس کے بعد ہی ہلیال میں غیر متوقع واقعہ ہواہے۔
سابق پریشد رکن گھوٹنیکر ، پیر کی صبح سیدھے سنیل ہیگڈے کی رائس مل کے پاس پہنچ کر بی جےپی ہلیال شاخ کے صدر کے ہاتھوں درخواست تھماتےہوئے کہاکہ میں بی جےپی میں شامل ہونے جارہاہوں اس کو منظوری دیں۔ پارٹی صدر نے کہاکہ اس بات کے متعلق پارٹی کے اندر گفتگو کروں گا۔ یہاں سے پلٹنےکے دوران اطلاع ملی کہ سنیل ہیگڈے گنیش کلیان منٹپ کی قریب والی مندر میں ہیں تو گھوٹنیکر وہیں سے راست سنیل ہیگڈے کے پاس پہنچ کر ان کے سامنےکھڑےہوکر مسکراہٹ کے ساتھ مصافحہ کیا۔ پھر اس کے بعد گھوٹنیکر نے کہاکہ میں بی جےپی میں شامل ہوجاؤنگا۔ اس کےلئے تمہاری منظوری چاہئے۔ دونوں مل کر پارٹی کو مستحکم کرتےہوئے انتخابات کا سامنا کرنے کی بات کہی۔ سنیل ہیگڈے نے اس تعلق سے کہا کہ وہ پارٹی لیڈران سے با ت کریں گے۔
بی جے پی میں شمولیت کے عرضی دی : موصولہ اطلاعات کے مطابق پریشد کےسابق رکن گھوٹنیکر نے منڈل بی جےپی صدر گنپتی کرینجیکر سے ملاقات کرتےہوئے بی جے پی میں شامل کرلینے اور بنیادی رکنیت فراہم کرنےکی درخواست دی ہے۔
شہر کے بی جےپی دفتر کے سامنے واقع ایک ہوٹل میں اپنے حمایتیوں کے ساتھ پہنچ کر بی جےپی پارٹی میں شامل ہونےکےلئے عرضی دینےکی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اب ہلیال، ڈانڈیلی اور جوئیڈا تعلقہ کے تینوں منڈل صدور اور سابق رکن اسمبلی سنیل ہییگڈے ، ضلعی شاخ، ریاست کی کور کمیٹی اور پارٹی ہائی کمان رکن پریشد گھوٹنیکر کے متعلق فیصلہ کرےگا۔